ابواب

  1. 1
  2. 2
  3. 3
  4. 4
  5. 5
  6. 6
  7. 7
  8. 8
  9. 9
  10. 10
  11. 11
  12. 12
  13. 13
  14. 14
  15. 15
  16. 16
  17. 17
  18. 18
  19. 19
  20. 20
  21. 21
  22. 22
  23. 23
  24. 24
  25. 25
  26. 26
  27. 27
  28. 28
  29. 29
  30. 30
  31. 31
  32. 32
  33. 33
  34. 34
  35. 35
  36. 36

پرانے عہد نامہ

نئے عہد نامہ

گِنتی 18 Urdu Bible Revised Version (URD)

کاہِنوں اور لاویوں کی فرائِض

1. اور خُداوند نے ہارُون سے کہا کہ مَقدِس کا بارِ گُناہ تُجھ پر اور تیرے بیٹوں اور تیرے آبائی خاندان پر ہو گا اور تُمہاری کہانت کا بارِ گُناہ بھی تُجھ پر اور تیرے بیٹوں پر ہو گا۔

2. اور تُو لاو ی کے قبِیلہ یعنی اپنے باپ کے قبِیلہ کے لوگوں کو بھی جو تیرے بھائی ہیں اپنے ساتھ لے آیا کر تاکہ وہ تیرے ساتھ ہو کر تیری خِدمت کریں پر شہادت کے خَیمہ کے آگے تُو اور تیرے بیٹے ہی آیا کریں۔

3. وہ تیری خِدمت اور سارے خَیمہ کی مُحافظت کریں ۔ فقط وہ مَقدِس کے ظُروف اور مذبح کے نزدِیک نہ جائیں تا نہ ہو کہ وہ بھی اور تُم بھی ہلاک ہو جاؤ۔

4. سو وہ تیرے ساتھ ہو کر خَیمۂِ اِجتماع اور خَیمہ کے اِستعمال کی سب چِیزوں کی مُحافظت کریں اور کوئی غَیر شخص تُمہارے نزدِیک نہ آنے پائے۔

5. اور تُم مَقدِس اور مذبح کی مُحافظت کرو تاکہ آگے کوپِھربنی اِسرائیل پر قہر نازِل نہ ہو۔

6. اور دیکھو مَیں نے بنی لاوی کو جو تُمہارے بھائی ہیں بنی اِسرائیل سے الگ کر کے خُداوند کی خاطِر بخشِش کے طَور پر تُم کو سپُرد کِیا تاکہ وہ خَیمۂِ اِجتماع کی خِدمت کریں۔

7. پر مذبح کی اور پردہ کے اندر کی خِدمت تیرے اور تیرے بیٹوں کے ذِمّہ ہے ۔ سو اُس کے لِئے تُم اپنی کہانت کی حِفاظت کرنا ۔ وہاں تُم ہی خِدمت کِیا کرنا ۔ کہانت کی خِدمت کا شرف مَیں تُم کو بخشتا ہُوں اور جو غَیر شخص نزدِیک آئے وہ جان سے مارا جائے۔

کاہِنوں کا حِصّہ

8. پِھر خُداوند نے ہارُون سے کہا دیکھ مَیں نے بنی اِسرائیل کی سب پاک چِیزوں میں سے اُٹھانے کی قُربانیاں تُجھے دے دِیں ۔ مَیں نے اُن کو تیرے ممسُوح ہونے کا حق ٹھہرا کر تُجھے اور تیرے بیٹوں کو ہمیشہ کے لِئے دِیا۔

9. سب سے پاک چِیزوں میں سے جو کُچھ آگ سے بچایا جائے وہ تیرا ہو گا ۔ اُن کے سب چڑھاوے یعنی نذر کی قُربانی اور خطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی جِن کو وہ میرے حضُور گُذرانیں وہ تیرے اور تیرے بیٹوں کے لِئے نِہایت مُقدّس ٹھہریں۔

10. اور تُو اُن کو نِہایت مُقدّس جان کر کھانا ۔ مَرد ہی مَرد اُن کو کھائیں ۔ وہ تیرے لِئے پاک ہیں۔

11. اور اپنے ہدیہ میں سے جو کُچھ بنی اِسرائیل اُٹھانے کی قُربانی اور ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر گُذرانیں وہ بھی تیرا ہی ہو ۔ اِن کو مَیں تُجھ کو اور تیرے بیٹے بیٹِیوں کو ہمیشہ کے حق کے طَور پر دیتا ہُوں ۔ تیرے گھرانے میں جِتنے پاک ہیں وہ اُن کو کھائیں۔

12. اچھّے سے اچھّا تیل اور اچھّی سے اچھّی مَے اور اچھّے سے اچھّا گیہُوں یعنی اِن چِیزوں میں سے جو کُچھ وہ پہلے پَھل کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانیں وہ سب مَیں نے تُجھے دِیا۔

13. اُن کے مُلک کی ساری پَیداوار کے پہلے پکّے پَھل جِن کو وہ خُداوند کے حضُور لائیں تیرے ہوں گے ۔ تیرے گھرانے میں جِتنے پاک ہیں وہ اُن کو کھائیں۔

14. بنی اِسرائیل کی ہر ایک مخصُوص کی ہُوئی چِیز تیری ہو گی۔

15. اُن جانداروں میں سے جِن کو وہ خُداوند کے حضُور گُذرانتے ہیں جِتنے پہلوٹھی کے بچّے ہیں خواہ وہ اِنسان کے ہوں خواہ حَیوان کے وہ سب تیرے ہوں گے پر اِنسان کے پہلوٹھوں کا فِدیہ لے کر اُن کو ضرُور چھوڑ دینا اور ناپاک جانوروں کے پہلوٹھے بھی فِدیہ سے چھوڑ دِئے جائیں۔

16. اور جِن کا فِدیہ دِیا جائے وہ جب ایک مہِینہ کے ہوں تُو اُن کو اپنی ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کے مُطابِق مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے جو بِیس جیرے کی ہوتی ہے چاندی کی پانچ مِثقال لے کر چھوڑ دینا۔

17. لیکن گائے اور بھیڑ بکری کے پہلوٹھوں کا فِدیہ نہ لِیا جائے ۔ وہ مُقدّس ہیں ۔ تُو اُن کا خُون مذبح پر چِھڑکنا اور اُن کی چربی آتِشِین قُربانی کے طَور پر جلا دینا تاکہ وہ خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو ٹھہرے۔

18. اور اُن کا گوشت تیرا ہو گا جِس طرح ہِلائی ہُوئی قُربانی کا سِینہ اور دہنی ران تیرے ہیں۔

19. جِتنی مُقدّس چِیزیں بنی اِسرائیل اُٹھانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانیں اُن سبھوں کو مَیں نے تُجھے اور تیرے بیٹے بیٹِیوں کو ہمیشہ کے حق کے طَور پر دِیا ۔ یہ خُداوند کے حضُور تیرے اور تیری نسل کے لِئے نمک کا دائِمی عہد ہے۔

20. اور خُداوند نے ہارُون سے کہا کہ اُن کے مُلک میں تُجھے کوئی مِیراث نہیں مِلے گی اور نہ اُن کے درمِیان تیرا کوئی حِصّہ ہو گا کیونکہ بنی اِسرائیل میں تیرا حِصّہ اور تیری مِیراث مَیں ہُوں۔

لاویوں کا حِصّہ

21. اور بنی لاوی کو اُس خِدمت کے مُعاوضہ میں جو وہ خَیمۂِ اِجتماع میں کرتے ہیں مَیں نے بنی اِسرائیل کی ساری دَہ یکی مورُوثی حِصّہ کے طَور پر دی۔

22. اور آگے کو بنی اِسرائیل خَیمۂِ اِجتماع کے نزدِیک ہرگِز نہ آئیں تا نہ ہو کہ گُناہ اُن کے سر لگے اور وہ مَر جائیں۔

23. بلکہ بنی لاوی خَیمۂِ اِجتماع کی خِدمت کریں اور وُہی اُن کا بارِ گُناہ اُٹھائیں ۔ تُمہاری پُشت در پُشت یہ ایک دائِمی آئِین ہو اور بنی اِسرائیل کے درمِیان اُن کو کوئی مِیراث نہ مِلے۔

24. کیونکہ مَیں نے بنی اِسرائیل کی دَہ یکی کو جِسے وہ اُٹھانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانیں گے اُن کا مورُوثی حِصّہ کر دِیا ہے ۔ اِسی سبب سے مَیں نے اُن کے حق میں کہا ہے کہ بنی اِسرائیل کے درمِیان اُن کو کوئی مِیراث نہ مِلے۔

لاویوں کی دَہ یکی

25. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

26. تُو لاوِیوں سے اِتنا کہہ دینا کہ جب تُم بنی اِسرائیل سے اُس دَہ یکی کو لو جِسے مَیں نے اُن کی طرف سے تُمہارا مورُوثی حِصّہ کر دِیا ہےتو تُم اُس دَہ یکی کی دَہ یکی خُداوند کے حضُور اُٹھانے کی قُربانی کے لِئے گُذراننا۔

27. اور یہ تُمہاری اُٹھائی ہُوئی قُربانی تُمہاری طرف سے اَیسی ہی سمجھی جائے گی جَیسے کھلِیہان کا غلّہ اور کولُھو کی مَے سمجھی جاتی ہے۔

28. اِس طریقہ سے تُم بھی اپنی سب دَہ یکیوں میں سے جو تُم کو بنی اِسرائیل کی طرف سے مِلیں گی خُداوند کے حضُور اُٹھانے کی قُربانی گُذراننا اور خُداوند کی یہ اُٹھائی ہُوئی قُربانی ہارُون کاہِن کو دینا۔

29. جِتنے نذرانے تُم کو مِلیں اُن میں سے اُن کا اچھّے سے اچھّا حِصّہ جو مُقدّس کِیا گیا ہے اور خُداوند کا ہے تُم اُٹھانے کی قُربانی کے طَور پر گُذراننا۔

30. سو تُو اُن سے کہہ دینا کہ جب تُم اِن میں سے اُن کا اچھّے سے اچھّا حِصّہ اُٹھانے کی قُربانی کے طَور پرگُذرانو گے تو وہ لاوِیوں کے حق میں کھلِیہان کے بھرے غلّہ اور کولُھو کی بھری مَے کے برابر محسُوب ہو گا۔

31. اور اِن کو تُم اپنے گھرانوں سمیت ہر جگہ کھا سکتے ہو کیونکہ یہ اُس خِدمت کے بدلے تُمہارا اجر ہے جو تُم خَیمۂِ اِجتماع میں کرو گے۔

32. اور جب تُم اُس میں سے اچھّے سے اچھّا حِصّہ اُٹھانے کی قُربانی کے طَور پر گُذرانو گے تو تُم اُس کے سبب سے گُنہگار نہ ٹھہرو گے اور خبردار بنی اِسرائیل کی مُقدّس چِیزوں کو ناپاک نہ کرنا تاکہ تُم ہلاک نہ ہو۔