پرانے عہد نامہ

نئے عہد نامہ

یسعیا 9:9-20 اردو جیو ورژن (UGV)

9. اسرائیل اور سامریہ کے تمام باشندے اِسے جلد ہی جان جائیں گے، حالانکہ وہ اِس وقت بڑی شیخی مار کر کہتے ہیں،

10. ”بےشک ہماری اینٹوں کی دیواریں گر گئی ہیں، لیکن ہم اُنہیں تراشے ہوئے پتھروں سے دوبارہ تعمیر کر لیں گے۔ بےشک ہمارے انجیرتوت کے درخت کٹ گئے ہیں، لیکن کوئی بات نہیں، ہم اُن کی جگہ دیودار کے درخت لگا لیں گے۔“

11. لیکن رب اسرائیل کے دشمن رضین کو تقویت دے کر اُس کے خلاف بھیجے گا بلکہ اسرائیل کے تمام دشمنوں کو اُس پر حملہ کرنے کے لئے اُبھارے گا۔

12. شام کے فوجی مشرق سے اور فلستی مغرب سے منہ پھاڑ کر اسرائیل کو ہڑپ کر لیں گے۔ تاہم رب کا غضب ٹھنڈا نہیں ہو گا بلکہ اُس کا ہاتھ مارنے کے لئے اُٹھا ہی رہے گا۔

13. کیونکہ اِس کے باوجود بھی لوگ سزا دینے والے کے پاس واپس نہیں آئیں گے اور رب الافواج کے طالب نہیں ہوں گے۔

14. نتیجے میں رب ایک ہی دن میں اسرائیل کا نہ صرف سر بلکہ اُس کی دُم بھی کاٹے گا، نہ صرف کھجور کی شاندار شاخ بلکہ معمولی سا سرکنڈا بھی توڑے گا۔

15. بزرگ اور اثر و رسوخ والے اسرائیل کا سر ہیں جبکہ جھوٹی تعلیم دینے والے نبی اُس کی دُم ہیں۔

16. کیونکہ قوم کے راہنما لوگوں کو غلط راہ پر لے گئے ہیں، اور جن کی راہنمائی وہ کر رہے ہیں اُن کے دماغ میں فتور آ گیا ہے۔

17. اِس لئے رب نہ قوم کے جوانوں سے خوش ہو گا، نہ یتیموں اور بیواؤں پر رحم کرے گا۔ کیونکہ سب کے سب بےدین اور شریر ہیں، ہر منہ کفر بکتا ہے۔ تاہم رب کا غضب ٹھنڈا نہیں ہو گا بلکہ اُس کا ہاتھ مارنے کے لئے اُٹھا ہی رہے گا۔

18. کیونکہ اُن کی بےدینی کی بھڑکتی ہوئی آگ کانٹےدار جھاڑیاں اور اونٹ کٹارے بھسم کر دیتی ہے، بلکہ گنجان جنگل بھی اُس کی زد میں آ کر دھوئیں کے کالے بادل چھوڑتا ہے۔

19. رب الافواج کے غضب سے ملک جُھلس جائے گا اور اُس کے باشندے آگ کا لقمہ بن جائیں گے۔ یہاں تک کہ کوئی بھی اپنے بھائی پر ترس نہیں کھائے گا۔

20. اور گو ہر ایک دائیں طرف مُڑ کر سب کچھ ہڑپ کر جائے توبھی بھوکا رہے گا، گو بائیں طرف رُخ کر کے سب کچھ نگل جائے توبھی سیر نہیں ہو گا۔ ہر ایک اپنے پڑوسی کو کھائے گا،

پڑھیں مکمل باب یسعیا 9