پرانے عہد نامہ

نئے عہد نامہ

یسعیا 66:12-19 اردو جیو ورژن (UGV)

12. کیونکہ رب فرماتا ہے، ”مَیں یروشلم میں سلامتی کا دریا بہنے دوں گا اور اُس پر اقوام کی شان و شوکت کا سیلاب آنے دوں گا۔ تب وہ تمہیں اپنا دودھ پلا کر اُٹھائے پھرے گی، تمہیں گود میں بٹھا کر پیار کرے گی۔

13. مَیں تمہیں ماں کی سی تسلی دوں گا، اور تم یروشلم کو دیکھ کر تسلی پاؤ گے۔

14. اِن باتوں کا مشاہدہ کر کے تمہارا دل خوش ہو گا اور تم تازہ ہریالی کی طرح پھلو پھولو گے۔“اُس وقت ظاہر ہو جائے گا کہ رب کا ہاتھ اُس کے خادموں کے ساتھ ہے جبکہ اُس کے دشمن اُس کے غضب کا نشانہ بنیں گے۔

15. رب آگ کی صورت میں آ رہا ہے، آندھی جیسے رتھوں کے ساتھ نازل ہو رہا ہے تاکہ دہکتے کوئلوں سے اپنا غصہ ٹھنڈا کرے اور شعلہ افشاں آگ سے ملامت کرے۔

16. کیونکہ رب آگ اور اپنی تلوار کے ذریعے تمام انسانوں کی عدالت کر کے اپنے ہاتھ سے متعدد لوگوں کو ہلاک کرے گا۔

17. رب فرماتا ہے، ”جو اپنے آپ کو بُتوں کے باغوں کے لئے مخصوص اور پاک صاف کرتے ہیں اور درمیان کے راہنما کی پیروی کر کے سؤر، چوہے اور دیگر گھنونی چیزیں کھاتے ہیں وہ مل کر ہلاک ہو جائیں گے۔

18. چنانچہ مَیں جو اُن کے اعمال اور خیالات سے واقف ہوں تمام اقوام اور الگ الگ زبانیں بولنے والوں کو جمع کرنے کے لئے نازل ہو رہا ہوں۔ تب وہ آ کر میرے جلال کا مشاہدہ کریں گے۔

19. مَیں اُن کے درمیان الٰہی نشان قائم کر کے بچے ہوؤں میں سے کچھ دیگر اقوام کے پاس بھیج دوں گا۔ وہ ترسیس، لبیا، تیر چلانے کی ماہر قوم لُدیہ، تُوبل، یونان اور اُن دُوردراز جزیروں کے پاس جائیں گے جنہوں نے نہ میرے بارے میں سنا، نہ میرے جلال کا مشاہدہ کیا ہے۔ اِن اقوام میں وہ میرے جلال کا اعلان کریں گے۔

پڑھیں مکمل باب یسعیا 66