پرانے عہد نامہ

نئے عہد نامہ

یسعیا 43:11-28 اردو جیو ورژن (UGV)

11. مَیں، صرف مَیں رب ہوں، اور میرے سوا کوئی اَور نجات دہندہ نہیں ہے۔

12. مَیں ہی نے اِس کا اعلان کر کے تمہیں چھٹکارا دیا، مَیں ہی تمہیں اپنا کلام پہنچاتا رہا۔ اور یہ تمہارے درمیان کے کسی اجنبی معبود سے کبھی نہیں ہوا بلکہ صرف مجھ ہی سے۔ تم ہی میرے گواہ ہو کہ مَیں ہی خدا ہوں۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔

13. ”ازل سے مَیں وہی ہوں۔ کوئی نہیں ہے جو میرے ہاتھ سے چھڑا سکے۔ جب مَیں کچھ عمل میں لاتا ہوں تو کون اِسے بدل سکتا ہے؟“

14. رب جو تمہارا چھڑانے والا اور اسرائیل کا قدوس ہے فرماتا ہے، ”تمہاری خاطر مَیں بابل کے خلاف فوج بھیج کر تمام کنڈے تڑوا دوں گا۔ تب بابل کی شادمانی گریہ و زاری میں بدل جائے گی۔

15. مَیں رب ہوں، تمہارا قدوس جو اسرائیل کا خالق اور تمہارا بادشاہ ہے۔“

16. رب فرماتا ہے، ”مَیں ہی نے سمندر میں سے گزرنے کی راہ اور گہرے پانی میں سے راستہ بنا دیا۔

17. میرے کہنے پر مصر کی فوج اپنے سورماؤں، رتھوں اور گھوڑوں سمیت لڑنے کے لئے نکل آئی۔ اب وہ مل کر سمندر کی تہہ میں پڑے ہوئے ہیں اور دوبارہ کبھی نہیں اُٹھیں گے۔ وہ بتی کی طرح بجھ گئے۔

18. لیکن ماضی کی باتیں چھوڑ دو، جو کچھ گزر گیا ہے اُس پر دھیان نہ دو۔

19. کیونکہ دیکھو، مَیں ایک نیا کام وجود میں لا رہا ہوں جو ابھی پھوٹ نکلنے کو ہے۔ کیا یہ تمہیں نظر نہیں آ رہا؟ مَیں ریگستان میں راستہ اور بیابان میں نہریں بنا رہا ہوں۔

20. جنگلی جانور، گیدڑ اور عقابی اُلّو میرا احترام کریں گے، کیونکہ مَیں ریگستان میں پانی مہیا کروں گا، بیابان میں نہریں بناؤں گا تاکہ اپنی برگزیدہ قوم کو پانی پلاؤں۔

21. جو قوم مَیں نے اپنے لئے تشکیل دی ہے وہ میرے کام سنا کر میری تمجید کرے۔

22. اے یعقوب کی اولاد، اے اسرائیل، بات یہ نہیں کہ تُو نے مجھ سے فریاد کی، کہ تُو میری مرضی دریافت کرنے کے لئے کوشاں رہا۔

23. کیونکہ نہ تُو نے میرے لئے اپنی بھیڑبکریاں بھسم کیں، نہ اپنی ذبح کی قربانیوں سے میرا احترام کیا۔ نہ مَیں نے غلہ کی نذروں سے تجھ پر بوجھ ڈالا، نہ بخور کی قربانی سے تنگ کیا۔

24. تُو نے نہ میرے لئے قیمتی مسالا خریدا، نہ مجھے اپنی قربانیوں کی چربی سے خوش کیا۔ اِس کے برعکس تُو نے اپنے گناہوں سے مجھ پر بوجھ ڈالا اور اپنی بُری حرکتوں سے مجھے تنگ کیا۔

25. تاہم مَیں، ہاں مَیں ہی اپنی خاطر تیرے جرائم کو مٹا دیتا اور تیرے گناہوں کو ذہن سے نکال دیتا ہوں۔

26. جا، کچہری میں میرے خلاف مقدمہ دائر کر! آ، ہم دونوں عدالت میں حاضر ہو جائیں! اپنا معاملہ پیش کر تاکہ تُو بےقصور ثابت ہو۔

27. شروع میں تیرے خاندان کے بانی نے گناہ کیا، اور اُس وقت سے لے کر آج تک تیرے نمائندے مجھ سے بےوفا ہوتے آئے ہیں۔

28. اِس لئے مَیں مقدِس کے بزرگوں کو یوں رُسوا کروں گا کہ اُن کی مُقدّس حالت جاتی رہے گی، مَیں یعقوب کی اولاد اسرائیل کو مکمل تباہی اور لعن طعن کے لئے مخصوص کروں گا۔

پڑھیں مکمل باب یسعیا 43