ابواب

  1. 1
  2. 2
  3. 3
  4. 4
  5. 5
  6. 6
  7. 7
  8. 8
  9. 9
  10. 10
  11. 11
  12. 12
  13. 13
  14. 14
  15. 15
  16. 16
  17. 17
  18. 18
  19. 19
  20. 20
  21. 21
  22. 22
  23. 23
  24. 24

پرانے عہد نامہ

نئے عہد نامہ

یشُوع 23 Urdu Bible Revised Version (URD)

یشُوع کا الوداعی پَیغام

1. اِس کے بُہت دِنوں بعد جب خُداوند نے بنی اِسرائیل کو اُن کے سب گِرداگِرد کے دُشمنوں سے آرام دِیا اور یشُوع بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُؤا۔

2. تو یشُوع نے سب اِسرائیلِیوں اور اُن کے بزُرگوں اور سرداروں اور قاضِیوں اور منصبداروں کو بُلوا کر اُن سے کہا کہ مَیں بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُوں۔

3. اور جو کُچھ خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے سبب سے اِن سب قَوموں کے ساتھ کِیا وہ سب تُم دیکھ چُکے ہو کیونکہ خُداوند تُمہارے خُدا نے آپ تُمہارے لِئے جنگ کی۔

4. دیکھو مَیں نے قُرعہ ڈال کر اِن باقی قَوموں کو تُم میں تقسِیم کِیا کہ یہ اُن سب قَوموں سمیت جِن کو مَیں نے کاٹ ڈالا یَردن سے لے کر مغرِب کی طرف بڑے سمُندر تک تُمہارے قبِیلوں کی مِیراث ٹھہریں۔

5. اور خُداوند تُمہارا خُدا ہی اُن کو تُمہارے سامنے سے نِکالے گا اور تُمہاری نظر سے اُن کو دُور کر دے گا اور تُم اُن کے مُلک پر قابِض ہو گے جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم سے کہا ہے۔

6. سو تُم خُوب ہِمّت باندھ کر جو کُچھ مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھا ہے اُس پر چلنا اور عمل کرنا تاکہ تُم اُس سے دہنے یا بائیں ہاتھ کو نہ مُڑو۔

7. اور اُن قَوموں میں جو تُمہارے درمِیان ہنوز باقی ہیں نہ جاؤ اور نہ اُن کے دیوتاؤں کے نام کا ذِکر کرو اور نہ اُن کی قَسم کِھلاؤ اور نہ اُن کی پرستِش کرو اور نہ اُن کو سِجدہ کرو۔

8. بلکہ خُداوند اپنے خُدا سے لِپٹے رہو جَیسا تُم نے آج تک کِیا ہے۔

9. کیونکہ خُداوند نے بڑی بڑی اور زورآور قَوموں کو تُمہارے سامنے سے دفع کِیا بلکہ تُمہارا یہ حال رہا کہ آج تک کوئی آدمی تُمہارے سامنے ٹھہر نہ سکا۔

10. تُمہارا ایک ایک مَرد ایک ایک ہزار کو رگیدے گا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا ہی تُمہارے لِئے لڑتا ہے جَیسا اُس نے تُم سے کہا۔

11. پس تُم خُوب چَوکسی کرو کہ خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو۔

12. ورنہ اگر تُم کِسی طرح برگشتہ ہو کر اِن قَوموں کے بقِیّہ سے یعنی اُن سے جو تُمہارے درمِیان باقی ہیں شِیر و شکر ہو جاؤ اور اُن کے ساتھ بیاہ شادی کرو اور اُن سے مِلو اور وہ تُم سے مِلیں۔

13. تو یقِین جانو کہ خُداوند تُمہارا خُدا پِھر اِن قَوموں کو تُمہارے سامنے سے دفع نہیں کرے گا بلکہ یہ تُمہارے لِئے جال اور پھندا اور تُمہارے پہلُوؤں کے لِئے کوڑے اور تُمہاری آنکھوں میں کانٹوں کی طرح ہوں گی ۔ یہاں تک کہ تُم اِس اچّھے مُلک سے جِسے خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے نابُود ہو جاؤ گے۔

14. اور دیکھو مَیں آج اُسی راستے جانے والا ہُوں جو سارے جہان کا ہے اور تُم خُوب جانتے ہو کہ اُن سب اچّھی باتوں میں سے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے حق میں کہِیں ایک بات بھی نہ چُھوٹی ۔ سب تُمہارے حق میں پُوری ہُوئِیں اور ایک بھی اُن میں سے رہ نہ گئی۔

15. سو اَیسا ہو گا کہ جِس طرح وہ سب بھلائِیاں جِن کا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم سے ذِکر کِیا تھا تُمہارے آگے آئِیں اُسی طرح خُداوند سب بُرائِیاں تُم پر لائے گا جب تک کہ اِس اچّھے مُلک سے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے وہ تُم کو نیست و نابُود نہ کر ڈالے۔

16. جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے اُس عہد کو جِس کا حُکم اُس نے تُم کو دِیا توڑ ڈالو اور جا کر اَور معبُودوں کی پرستِش کرنے اور اُن کو سِجدہ کرنے لگو تو خُداوند کا قہر تُم پر بھڑکے گا اور تُم اِس اچّھے مُلک سے جو اُس نے تُم کو دِیا ہے جلد ہلاک ہو جاؤ گے۔