ابواب

  1. 1
  2. 2
  3. 3
  4. 4
  5. 5
  6. 6
  7. 7
  8. 8
  9. 9
  10. 10

پرانے عہد نامہ

نئے عہد نامہ

آستر 3 Urdu Bible Revised Version (URD)

ہامان یہُودیوں کو ہلاک کرنے کی سازِش کرتا ہے

1. اِن باتوں کے بعد اخسویر س بادشاہ نے اجاجی ہمّدا تا کے بیٹے ہامان کو مُمتاز اور سرفراز کِیا اور اُس کی کُرسی کو سب اُمرا سے جو اُس کے ساتھ تھے برتر کِیا۔

2. اور بادشاہ کے سب مُلازِم جو بادشاہ کے پھاٹک پر تھے ہامان کے آگے جُھک کر اُس کی تعظِیم کرتے تھے کیونکہ بادشاہ نے اُس کے بارے میں اَیسا ہی حُکم کِیا تھا پر مرد کَی نہ جُھکتا نہ اُس کی تعظِیم کرتا تھا۔

3. تب بادشاہ کے مُلازِموں نے جو بادشاہ کے پھاٹک پر تھے مرد کَی سے کہا تُو کیوں بادشاہ کے حُکم کو توڑتا ہے؟۔

4. جب وہ اُس سے روز کہتے رہے اور اُس نے اُن کی نہ مانی تو اُنہوں نے ہامان کو بتا دِیا تاکہ دیکھیں کہ مرد کَی کی بات چلے گی یا نہیں کیونکہ اُس نے اُن سے کہہ دِیا تھا کہ مَیں یہُودی ہُوں۔

5. جب ہامان نے دیکھا کہ مرد کَی نہ جُھکتا نہ میری تعظِیم کرتا ہے تو ہامان غُصّہ سے بھر گیا۔

6. لیکن فقط مرد کَی ہی پر ہاتھ چلانا اپنی شان سے نِیچے سمجھا کیونکہ اُنہوں نے اُسے مرد کَی کی قَوم بتا دی تھی اِس لِئے ہامان نے چاہا کہ مرد کَی کی قَوم یعنی سب یہُودیوں کو جو اخسویر س کی پُوری مملکت میں رہتے تھے ہلاک کرے۔

7. اور اخسویر س بادشاہ کی سلطنت کے بارھویں برس کے پہلے مہِینے سے جو نَیسا ن مہِینہ ہے وہ روز بروز اور ماہ بماہ بارھویں مہِینے یعنی ادار کے مہِینے تک ہامان کے سامنے پُور یعنی قُرعہ ڈالتے رہے۔

8. اور ہامان نے اخسویر س بادشاہ سے عرض کی کہ حضُور کی مملکت کے سب صُوبوں میں ایک قَوم سب قَوموں کے درمِیان پراگندہ اور پَھیلی ہُوئی ہے اُس کے دستُور ہر قَوم سے نرالے ہیں اور وہ بادشاہ کے قوانِین نہیں مانتے ہیں ۔ سو اُن کو رہنے دینا بادشاہ کے لِئے فائِدہ مند نہیں۔

9. اگر بادشاہ کو منظُور ہو تو اُن کو ہلاک کرنے کا حُکم لِکھا جائے اور مَیں تحصِیل داروں کے ہاتھ میں شاہی خزانوں میں داخِل کرنے کے لِئے چاندی کے دس ہزار توڑے دُوں گا۔

10. اور بادشاہ نے اپنے ہاتھ سے انگُوٹھی اُتار کر یہُودیوں کے دُشمن اجاجی ہمّدا تا کے بیٹے ہامان کو دی۔

11. اور بادشاہ نے ہامان سے کہا کہ وہ چاندی تُجھے بخشی گئی اور وہ لوگ بھی تاکہ جو تُجھے اچّھا معلُوم ہو اُن سے کرے۔

12. تب بادشاہ کے مُنشی پہلے مہِینے کی تیرھوِیں تارِیخ کو بُلائے گئے اور جو کُچھ ہامان نے بادشاہ کے نوّابوں اور ہر صُوبہ کے حاکِموں اور ہر قَوم کے سرداروں کو حُکم کِیا اُس کے مُطابِق لِکھا گیا ۔ صُوبہ صُوبہ کے حرُوف اور قَوم قَوم کی زُبان میں شاہِ اخسویر س کے نام سے یہ لِکھا گیا اور اُس پر بادشاہ کی انگُوٹھی کی مُہر کی گئی۔

13. اور ہرکاروں کے ہاتھ بادشاہ کے سب صُوبوں میں خط بھیجے گئے کہ بارھویں مہِینے یعنی ادار مہِینے کی تیرھوِیں تارِیخ کو سب یہُودیوں کو کیا جوان کیا بُڈّھے کیا بچّے کیا عَورتیں ایک ہی دِن میں ہلاک اور قتل کریں اور نابُود کر دیں اور اُن کا مال لُوٹ لیں۔

14. اِس تحرِیر کی ایک ایک نقل سب قَوموں کے لِئے شائِع کی گئی کہ اِس فرمان کا اِعلان ہر صُوبہ میں کِیا جائے تاکہ اُس دِن کے لِئے تیّار ہو جائیں۔

15. بادشاہ کے حُکم سے ہرکارے فوراً روانہ ہُوئے اور وہ حُکم قصرِ سو سن میں دِیا گیا اور بادشاہ اور ہامان مَے نوشی کرنے کو بَیٹھ گئے پر سوسن شہر پریشان تھا۔